ویب ڈیسک: حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پر ماں اور بیٹے کے چلتی ٹرین کے نیچے پھنسنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پر ایک ماں اپنے لخت جگر کو بچانے کے لیے چلتی ٹرین کے نیچے جا پہنچی اور معجزانہ طور پر دونوں کی زندگیاں بچ گئیں۔
ریلوے حکام کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کی رات اس وقت پیش آیا جب کراچی سے پنجاب جانے والی شالیمار ایکسپریس پلیٹ فارم پر پہنچی۔ متاثرہ خاتون کو اپنے شوہر اور بچوں کے ساتھ ٹرین میں سوار ہونا تھاکہ اچانک بچہ ٹریک پر گر گیا۔

ماں کے دل نے ایک لمحے کی بھی تاخیر گوارا نہ کی۔ وہ تیزی سے نیچے اتری اور اپنے بیٹے کو اٹھانے کی کوشش کی لیکن اسی دوران اپ ٹریک پر ٹرین آ پہنچی۔ خوف و ہراس پھیل گیا، مسافروں نے ایمرجنسی بریک لگانے کے لیے چیخ و پکار شروع کردی۔
ٹرین کی آمد پر ماں بچے کو لے کر ریلوے ٹریک پر بنے ڈک میں گھس گئی۔ ڈرائیور نے فوری بریک لگائی جس کے بعد ماں اور بیٹے کو ٹرین کے نیچے سے بحفاظت نکال لیا گیا۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ماں اور بیٹے کو معمولی نوعیت کے زخم آئے، جنہیں موقع پر موجود مسافروں نے نزدیکی اسپتال پہنچایا۔